ممبئی حملہ کیس، وزارت داخلہ نے جواب کے لیے پھر مہلت مانگ لی


اسلام آباد: ممبئی حملہ کیس میں وزارت داخلہ نے بھارتی گواہوں پر جواب جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں  نامزد چھ ملزمان کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی گئی، ان میں حماد امین، عبدالواحد، مظہر اقبال، محمد یونس، شاہد جمیل اور سفیان ظفر شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کے پراسیکیوٹر قاضی مصباح الحسن کی سیکیورٹی کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیکیورٹی کے لیے متعلقہ محکمے کو درخواست دیں کیونکہ سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے عدالت کوئی حکم نہیں دے گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے بھارتی گواہوں پر جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرنے پر عدالت نے حکم دیا کہ تحریری طور پر بتائیں کہ آپ کو کتنا وقت چاہیے ؟

عدالت نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت 18 جولائی تک ملتوی کردی۔

بھارتی شہر ممبئی میں 26 نومبر 2008 کو ایک حملہ ہوا تھا جو 60 گھنٹے تک جاری رہا، حملے میں 150  سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ممبئی حملہ کیس میں آٹھ ملزمان نامزد ہیں جن میں حماد امین، شاہد جمیل، ظفر اقبال، عبد الواحد، محمد یونس، جمیل احمد اور سفیان ظفر جیل میں ہیں جبکہ ملزم  ذکی الرحمٰن لکھوی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر ہے اور اس نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ بھی حاصل کر رکھا ہے۔

مقدمے کی ایک علیحدہ کارروائی بھارت میں بھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں