فوج کا ریلیف آپریشن جاری، سیلاب سے 393 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفند یارخٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں اور فوج کا ریلیف آپریشن بھی جاری ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف، ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک اور ڈی جی ریسکیو طیب عبداللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں سیلاب سے اب تک 393 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 190 افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے ایک ہزار 711 گھروں کو نقصان پہنچا، 565 گھرمکمل تباہ ہوئے، اسفندیار خٹک نے کہاکہ گزشتہ روز خیبرپختونخواکابینہ اجلاس میں امدادی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے 27 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جاں بحق افرادکے لواحقین کیلئے فی کس مالی امداد بڑھاکر10لاکھ کردی گئی ہے، وزیراعلیٰ کا اعلان کردہ 15 ہزار کا فوڈ پیکج آج سے ملنا شروع ہوگا،سب سے پہلے باجوڑ میں فوڈ پیکج دیا جائے گا جس کے بعد اگلے ہفتے سے دیگر اضلاع میں تقسیم شروع ہوگی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک نے کہا کہ 70 کروڑ روپے بونیر کو، 20 کروڑ نجی کمپنی کو فوڈ پیکج کی تقسیم کے لئے دے چکے ہیں، صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ حادثے کے دس دن بعد متاثرین تک امدادی رقم پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو طیب عبداللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سینکڑوں علاقے سیلاب سے متاثرہوئے، خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 15 افراد تاحال لاپتہ ہیں،بونیر میں سیلابی ریلے میں 335 افرادبہہ گئے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب سے تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے کر دیا

ڈی جی ریسکیو طیب عبداللہ نے کہا کہ صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بونیر میں آپریشن جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ کھدائی کے دوران 5 بچوں کو زندہ نکال چکے ہیں۔

دوسری جانب پاک فوج کا بونیر، سوات، شانگلہ اور صوابی میں فلڈ ریلیف آپریشن آٹھویں روز بھی جاری ہے، پاک فوج کی کوششوں سے بونیر میں قادر نگر سے بھٹائی دارا جانے والی سڑک کھول دی گئی ہے۔

پاک فوج کی کور آف انجینئرز کے دستے راستوں کو کھولنے اور ملبے ہٹانے میں مصروف ہیں، سیلاب زدگان کی بحالی اور ریسکیو تک پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp