پشاور، خیبر پختونخوا کابینہ نے ضلع باجوڑ کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کے لیے مالی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ان خاندانوں کو ابتدائی طور پرفی کس 50 ہزارروپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی فورسزکی ٹارگٹڈ کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جا رہی ہیں، علی امین گنڈاپور
فیصلے کے مطابق یہ رقم متاثرہ خاندانوں کو اے ڈی سی ریلیف فنڈ کے ذریعے ادا کی جائے گی جبکہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ کومتاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے افراد کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ باجوڑ کی تحصیل ماموند اوردیگرعلاقوں میں جاری سیکیورٹی آپریشن کے باعث ڈمہ ڈولہ، انعام خورو، چینہ گئی اور چوہترہ جیسے علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد نقل مکانی پرمجبورہوچکی ہے، متاثرہ خاندانوں کیلئےعارضی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے فوری ریلیف کے طورپرکیمپ قائم کرکے متاثرہ افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا شروع کردی ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے متاثرین کیساتھ مکمل یکجہتی اور بحالی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
