سپریم کورٹ میں آج اہم مقدمات کی سماعت ہو گی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ پاکستان میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) ریفرنسز کی سماعت سمیت آج دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔

سپریم کورٹ میں نیب ریفرنسز کی سماعت میں توسیع کی درخواست جج محمد بشیر نے دے رکھی  ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کے لیے مدت میں چوتھی بار توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔

ان کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ توسیع کا بیشتر وقت ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت میں صرف ہوا جس کی وجہ سے باقی مقدمات کی سماعت مکمل نہیں ہو سکی۔

خط میں استدعا  کی گئی ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ ہو گیا ہے جب کہ العزیزیہ، فلیگ شپ اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز زیرالتوا ہیں لہذا باقی تینوں ریفرنسز کو نمٹانے کے لیے دی گئی مدت میں مزید توسیع کی جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کے خلاف مقدمات درج کرنے  اور چھ  ماہ میں ان مقدمات  کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی احتساب عدالت میں سماعت کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا۔

احتساب عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن میں تین مرتبہ  توسیع  کرچکی ہے۔

سرکاری گاڑیوں کے بے جا استعمال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت بھی آج  ہو گی جب کہ کٹاس راس مندر اور گنے کے کاشت کاروں کو عدم ادائیگی پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہو گی۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ  قومی احتساب بیورو (نیب) کو سرکاری افسران اور سابق اراکین اسمبلی سے لگژری گاڑیاں واپس لینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

مقدمات کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجازالحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ کرے گا۔


متعلقہ خبریں