کیپٹن صفدر کی ریلی، لیگی قیادت پر تین مقدمات


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ نون کی قیادت کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، ایک مقدمہ تھانہ وارث خان کے ایس ایچ او محمد ارحم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں کیپٹن (ر) محمد صفدر، چوہدری تنویر اور دانیال چوہدری سمیت 15 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق سزا یافتہ ملزم کیپٹن (ر) صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور سڑک بلاک کی جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، این اے 62  سے مسلم لیگ نون کے امیدوار دانیال چوہدری، شکیل اعوان، سینیٹر چوہدری تنویر اور راجہ حنیف  سمیت نون لیگ کے دیگر امیدواروں کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔

دوسرے مقدمے میں تھانہ سٹی کے سب انسپکٹر محمد عارف کی مدعیت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، مزاحمت اور کارسرکار میں مداخلت پرکیپٹن ریٹائرڈ صفدر، چوہدری تنویر، دانیال چوہدری، راجہ حنیف، شیخ ارسلان اور ضیا اللہ  شاہ  سمیت درجنوں افراد  کو نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سزا یافتہ ملزم کیپٹن صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور سڑک  بلاک کی۔

مسلم لیگ نون کی مقامی قیادت کے خلاف تیسرا مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں انسپکٹر محمد ارشد کی مدعیت میں درج ہوا ہے جس میں کیپٹن صفدر، حنیف عباسی، دانیال چوہدری، چوہدری تنویر اور شکیل اعوان سمیت سینکٹروں افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں