پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی گئی۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے فنڈ دینے کے معاملے پر علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور صوبائی کابینہ نے فنڈ دینے کی منظوری دی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈز دینا رشوت کے زمرے میں آتا ہے۔ اور وزیر اعلیٰ نے صوبے کی امانت میں خیانت کی ہے۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صوبے کے فنڈ کو دوسرے صوبے میں استعمال ایمرجنسی یا کسی آفت کی صورت میں کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ ، پنجاب حکومت کا قیدیوں کی سزائوں میں تین ماہ کمی کا اعلان
الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ صوبے کو پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ اور اوپر سے صوبے کے خزانے سے فنڈز باہر استعمال ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور اپنے مینڈیٹ و حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔
درخواست کے مطابق فنڈز کے استعمال سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین اور این ایف سی ایوارڈ موجود ہے۔ لہٰذا وزیراعلیٰ کو نااہل قرار دیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ کو صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔
