اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس دائرہ کار بڑھانے اور آمدن میں اضافے پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے آمدن کے اہداف کی جانب تیزی سے گامزن ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ استعداد رکھنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ اور ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔ اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کے دن گنے جاچکے ہیں، فیصلہ عوام کریں گے، وزیر دفاع
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اور ٹیکس کی شرح کو کم کر کے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں۔ سیمنٹ و دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے حصول کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں۔ اور ٹیکس زیر التوا مقدمات کی مؤثر انداز سے پیروی کر کے قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اور ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہو گا۔
