اسلام آباد: احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کیس کی سماعت نو جولائی تک ملتوی ہو گئی ہے، جج محمد بشیر کی عدم حاضری کے باعث جج ملک ارشد نے کیس کی سماعت کی۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کرنی تھی تاہم انہوں نے کہا کہ وہ جج محمد بشیر کی موجودگی میں جرح آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جج ملک ارشد نے کہا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں، گواہ موجود ہے چاہیں تو آج جرح کر لیں۔
خواجہ حارث نے کہا کہ ایک ریفرنس کا فیصلہ آنے والا ہے جس کی وجہ سے صورتحال یکسر تبدیل ہو جائے گی، ایون فیلڈ میں فیصلہ سنانے کے بعد جج صاحب کو دوسرے کیس نہیں سننے چاہئیں۔
گزشتہ سماعت میں خواجہ حارث نے واجد ضیا پر آہلی اسٹیل کمپنی کے لائسنس کے حوالے سے جرح کی تھی، واجد ضیا نے بتایا کہ کمپنی کے لائسنس کی عربی کاپی اور اس کا ترجمہ موجود ہے، خواجہ حارث نے سوال کیا کہ ترجمہ شدہ کاپی کے چار صفحات میں سے صرف ایک صفحہ کس لیے موجود ہے جس پر واجد ضیا کا کہنا تھا کہ ایسا غلطی سے ہوا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت بھی 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
گزشتہ سماعت میں احتساب عدالت نے کہا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ جمعہ چھ جولائی کو سنایا جائے گا۔