نوازشریف کا بیان بھارتی میڈیا سے مطابقت رکھتا ہے، شاہ محمود


ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی ادارے کے خلاف نوازشریف کا بیان بھارتی میڈیا سے مطابقت رکھتا ہے، انہیں غلط فہمی کی بنیاد پر لگایا گیا الزام واپس لینا چاہیے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تحقیقات کے بغیرایک ادارے پرالزام تراشی کی، سیاسی قیادت کو چاہیے اداروں کا احترام کریں، اقبال سراج نے خود کہا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میرا نون لیگ میں کردار ہوتا تو میں اقبال سراج کو شوکاز نوٹس جاری کر دیتا، اگر وہ تسلی بخش جواب نہ دیتے تو ٹکٹ واپس لے لیتا، نوازشریف کو چاہیے کہ غلط الزام لگانے والے ٹکٹ ہولڈرز کو شوکاز نوٹس جاری کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لوگ مسلم لیگ نون سے بددل ہیں، جن لوگوں کونون لیگ کے ٹکٹ جاری ہوئے وہ انہیں واپس کر رہے ہیں، منظور وٹو نے نون لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا، شیر کا نشان رحمت نہیں بلکہ زحمت بن گیا ہے۔

گزشتہ روز نوازشریف نے کہا تھا کہ ہمارے انتخابی امیدواروں کو بلا کر ڈرایا دھمکایا گیا ہے اور ان کی تذلیل کی جارہی ہے، ملتان میں رانا اقبال سراج کو دھمکیاں دی گئیں اور تھپڑ مارے گئے۔


متعلقہ خبریں