پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاریاں

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: نگراں حکومت نے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں کر لی ہیں اور ممکنہ طور پر اتوار یکم جولائی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہے جس پر حتمی فیصلہ نگراں وزیراعظم کریں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12  روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی ہے، اوگرا کی سمری کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5  روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ  ڈیزل کی قیمت میں 6  روپے 20 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 50 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں  12 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت خزانہ ہفتہ کے روز ان کی منظوری دے گی اور نگراں وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار یکم جولائی سے ہو گا۔

نگراں حکومت اس سے پہلے 11 جون کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے اور پٹرول کی قیمت میں چار روپے 26 پیسے کا اضافہ کرکے اس کی نئی قیمت 91 روپے 96  پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اسی طرح لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت چھ روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 74 روپے 99 پیسے  فی لیٹر جبکہ مٹی کا تیل چار روپے 46 پیسے اضافے کے ساتھ 84 روپے 34 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں