اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو گریڈ 20 اور زائد کے افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کے لیے اجازت لینے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھا ہے جس میں ہدایت کی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کے لیے اجازت لے جبکہ گریڈ 19 اور اس سے نیچے کے افسروں کے تقرر اور تبادلے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن خود کرے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہدایات کا اطلاق وفاقی حکومت کے ماتحت محکموں اور خود مختار اداروں پر ہو گا جبکہ تقرریوں اور تبادلوں کے لیے اجازت کی شرط کا اطلاق عدلیہ پر نہیں ہو گا۔
خط کے متن کے مطابق سفارت کاروں اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ( وی سیز )، سول عہدوں پر فوجی افسران کے تقرر اور مسلح افواج کے افسران کی تقرریوں اور تبادلوں پر بھی اس شرط کا اطلاق نہیں ہو گا۔