جڑواں شہروں میں پانی کی قلت ہو سکتی ہے، چیف جسٹس


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیموں میں پانی کی سطح  ڈیڈ  لیول کے قریب ہے۔

اسلام آباد میں پانی کی قلت سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگرمون سون شروع نہ ہوا تو جڑواں شہروں میں پانی کی قلت ہوسکتی ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پانی کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی سمری آئندہ ہفتے تک منظور ہو جائے گی اور فنڈز جاری بھی ہو جائیں گے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ پلاسٹک  بیگز اورپلاسٹک بوتلوں کی وجہ سے بھی پانی آلودہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ از خود نوٹس لوں تو دائرہ اختیارسے تجاوزکا طعنہ ملتا ہے، اگر ایسے معاملات پر از خود نوٹس نہ لیں تو کیا کریں۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ بیکٹریا پینے کے پانی میں شامل ہو چکے ہیں اور ہمارے جسموں میں جا رہے ہیں جبکہ پانی کے نالوں کی صفائی کا کوئی بندوبست نہیں، انہوں نے کہا کہ صورتحال اتنی خراب ہوچکی ہے کہ راول ڈیم میں صرف گندگی جمع ہو رہی ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں