میسی کی سالگرہ : روسی بیکری نے 60 کلو چاکلیٹ کا مجسمہ بنادیا

لیونل میسی کی سالگرہ پر چاکلیٹ سے 60 کلو وزنی مجسمہ تیار | urduhumnews.wpengine.com

ماسکو: ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کی سالگرہ پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے روسی بیکری نے چاکلیٹ سے 60 کلو وزنی مجسمہ تیار کیا۔ چاکلیٹ سے بنے مجسمے کو سالگرہ کے کیک پرلگایا گیا۔

لیونل میسی کے ایک ننھے مداح نے سالگرہ کا کیک کاٹا جسے شرکا نے کھایا اور دن بھر اپنے پسندیدہ فٹبالر کی 31 ویں سالگرہ کا جشن منایا۔

فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آنے والی ارجنٹائن ٹیم روسی شہر برونیتسی میں قیام پذیر ہے۔ میسی کے پرستاروں کی بڑی تعداد اسی شہر کے ایک چوک میں جمع ہوئی اورسالگرہ کے کیک سے لطف اندوز ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے بات کرتے ہوئے شیف ڈاریا مالکینا کا کہنا تھا کہ بیکری کی جانب سے اسٹار فٹ بالر میسی کی سالگرہ پر تحفہ دینے کے لیے چاکلیٹ سے ان کا مجسمہ بنایا گیا ۔

مجسمہ تیار کرنے کے لیے بیکری کے پانچ افراد نے تقریباً ایک ہفتہ محنت کی۔ 60 کلو (132 پاؤنڈز)  وزنی مجسمے کو سالگرہ کے کیک پر لگایا گیا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں ارجنٹائن کی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار ہے تاہم مداحوں کا کہنا ہے کہ میسی ہمیشہ فٹبال کی دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں