مشرف پاکستان نہیں آئیں گے، زرداری


کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مشرف کا پاکستان آنے کا ارداہ نہیں کیونکہ ہمیں سیکیورٹی نہ دینے والے کمانڈو کو آج خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔

بلاول ہاؤس میں شہید بے نظیر بھٹو کے  یوم ولادت پر تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے کوئی جواب نہیں جبکہ خود مشرف کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کنگ عبداللہ نے دیے لیکن اس کا کوئی ثبوت ان کے پاس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف سیاست کرنے کی بات کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ایم کیو ایم کی سربراہی کریں گے تو کبھی کسی اور کی لیکن اپنے ملک آنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ ہرڈکٹیٹر نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کی سب سے بڑی مثال ضیا الحق کا دور ہے۔

انہوں نے انتخابات کےحوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کو انتخاب میں شکست دیں گے اور انہیں سبق سکھائیں گے کہ پیپلز پارٹی  زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔

تقریب میں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔


متعلقہ خبریں