الیکشن سے قبل بیوروکریسی کے تبادلے، سی ڈی اے چیئرمین برقرار


اسلام آباد: عام انتخابات سے قبل ملک بھر کی بیورو کریسی کو تبدیل کیے جانے کا سلسلہ تقریبا مکمل ہو چکا تاہم وفاقی دارالحکومت کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے کیپیٹل ڈویلپیمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کو تبدیل نہیں کیا جا سکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے معاملات سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر بیوروکریسی کے تبادلوں کے باوجود ن لیگ کے چہیتے چیئرمین سی ڈی اے اب بھی عہدے پر برقرار ہیں۔

معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ چیئرمین سی ڈی اے اور ن لیگی رہنما و سابق وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل کے منظور نظر ڈیپوٹیشن افسران ڈائریکٹر انفورسمنٹ تعینات کر دیے گئے ہیں۔

کروڑوں روپے کی کرپشن پر عہدے سے ہٹائے گئے ڈاکٹر طارق کی سفارش پر فارن سروس گروپ کے افسر عرفان اللہ کو ڈائریکٹر اربن انفورسمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ سے منگوائے گئے عمران سکندر سلطان بھی ڈائریکٹر رورل انفورسمنٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

سی ڈی اے کے موجودہ چیئرمین عثمان اختر باجوہ اس سے قبل تین سال ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن بھی رہے ہیں۔ اس دوران ریڈایبل پاپسورٹ کے لیے متعلقہ مشین کی خریداری کے معاملات پر ان کا خصوصی ذکر کیا جاتا رہا ہے۔

نواز شریف کے سابقہ دور حکومت میں چیئرمین پی ٹی سی ایل اختر باجوہ کے فرزند عثمان اختر باجوہ نے نگراں حکومت کے قیام سے اب تک درجنوں سی ڈی اے افسران کو تبدیل کیا ہے۔


متعلقہ خبریں