اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل نے درخواست جمع کرائی ہے۔ دائر درخوست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے این اے 53 سے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، 19 جون کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اورکمزور بنیاد پرکاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق نہیں چھپائے۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے مؤکل کے خلاف فیصلہ انصاف کے برعکس اورغیر منصفانہ ہے لہذا ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قراردے کرچیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں آج اپیلوں کی سماعت کا پہلا روز ہے۔ ملک بھر کے 849 حلقوں کےلیے 21 اپیلٹ ٹریبونلز بنائے گئے ہیں۔
22 جون 2018 تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف انتخابی امیدواران اپیلیں دائرکرسکیں گے۔