نئے آئی جی سندھ نے پہلے ہی دن سیاسی جماعتوں سے گزارش کردی


کراچی: آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ دیواروں پر وال چاکنگ قانونی جرم ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے گزارش کی کہ وہ قانون پرعملدرآمد کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ پولیس کا جواصل کام ہے وہ میں اور میری ٹیم کریں گے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزارپرحاضری دینے، پھولوں کی چادرچڑھانے اورفاتحہ خوانی کے بعد وہ ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کررہے تھے۔ نئے آئی جی سندھ نے کہا کہ آج میرا پہلا دن ہے اور میں سرکاری طورپر اپنے دفترجاؤں گا۔

انسپکٹرجنرل آف پولیس سندھ نے کہا کہ پولیس افسر کا کام ہے کہ لا اینڈ آرڈر کو ٹھیک کرے تو میں اللہ کو گواہ بنا کرکہتا ہوں کہ اپنا کام ایمانداری سے کروں گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیس میں کالی بھیڑوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر بھی جو لوگ کرپٹ ہیں انہیں نہ صرف معطل کروں گا بلکہ سزا بھی دوں گا۔

آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کام شروع کردیا ہے اورجرائم کے خاتمے کے لیے بھی کام کریں گے۔ اشتہاری ملزمان کو پکڑنا انہوں نے اپنی اولین ترجیح قراردی۔

آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے آئی جی سندھ نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں، سندھ پولیس اس کے لیے بھی اپنا کردارادا کرے گی۔

نئے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ تفتیش میں پڑھے لکھے جوانوں کو شامل کریں گے۔ سندھ پولیس کے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں بہت اچھے اچھے افسران موجود ہیں۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا وقت نہیں ہوگا جب میں اس ملک اورصوبے کے لیے کام نہیں کروں۔

آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کے ہمراہ سندھ اورکراچی پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

 


متعلقہ خبریں