خسارے میں چلنے والے اداروں بارے آئی ایم ایف کی ہدایت پر آرڈیننس جاری کرنیکا فیصلہ

آئی ایم ایف

پاکستان میں چیلنجز کے باوجود معاشی سرگرمیوں میں استحکام رہا، آئی ایم ایف


اسلام آباد (شہزاد پراچہ) وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر چار وزارتوں کے خسارے میں چلنے والے اداروں کے معاملات بورڈ کے ذریعے چلانے کے لیے آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے متعلقہ اداروں کے ساتھ آرڈیننس لانے کے لیے ورکنگ مکمل کر لی ہے، آرڈیننس آج یا کل جاری ہونے کا امکان ہے۔

اداروں میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان، ایف بی آر کا محکمہ پاکستان کسٹمز، وزارت صنعت و پیداوار کا پاکستان اسٹیل ملز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے حالیہ ختم ہونے والے پالیسی لیول مذاکرات میں ان اداروں کے معاملات سول سرونٹس کی بجائے نجی شعبے کے ایکسپرٹ سے چلانے کی ہدایت کی تھی۔

ان اداروں کے بورڈ ممبرز کی تعداد 6 سے 11 کے درمیان ہونے کا امکان ہے اور نئے نامزد ہونے والے بورڈ ممبران کو تنخواہ اور دیگر الاؤنس بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز کے معاملات چلانے کے لیے فیڈرل بورڈ اف کسٹمز کے نام سے 11 ممبرز پر مشتمل بورڈ بنایا جا رہا ہے جس میں وزارت داخلہ،صنعت و پیداوار،تجارت، خزانہ، خارجہ اور وزارت میری ٹائمز کے سیکرٹریز کے علاوہ کسٹمز کے افسران کی نمائندگی شامل ہو گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت انفارمیشن کے ماتحت اداروں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے معاملات چلانے کے لیے بورڈ بنایا جا رہا ہے اس طرح وزارت صنعت پیداوار کے نقصان میں چلنے والے ادارے پاکستان اسٹیل ملز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے معاملات پالیسی بورڈ کے ذریعہ چلانے کے لیے آرڈیننس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں