نگراں حکومت نے بھی پٹرول بم گرا دیا

پٹرول (petrol)

پٹرولیم مصنوعات سے متعلق بڑی خبر آگئی


اسلام آباد: نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا، پٹرول کی قیمت میں چار روپے 26 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 91 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت چھ روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 74 روپے 99 پیسے  فی لیٹر جبکہ مٹی کا تیل چار روپے 46 پیسے اضافے کے ساتھ 84 روپے 34 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق رات 12 بجےسے ہوگا۔

31 مئی کو تحلیل ہونے والی مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزارت خزانہ کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آنے کے باوجود کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا تھا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سابقہ قیمتیں سات جون تک برقرار رکھی جائیں گی اور نئی قیمتوں کا تعین نگراں حکومت کرے گی۔

نگراں وزیراعظم نے جون کے پہلے ہفتے حلف تو اٹھا لیا لیکن دیے گئے وقت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا جا سکا، پیر کے روز نگراں وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ اسی اجلاس میں کیا گیا ہے۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں