خیبرپختونخوا میں ایم یم اے کی حکومت یقینی ہے، سراج الحق


چارسدہ: جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پختو نخوا میں ایم یم اے کی حکومت یقینی ہے، اقتدار میں آنے کے بعد ہی صوبے کے حقوق کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے جس سے کے پی  پر قرضوں کا بوجھ  کم  ہو سکے کیونکہ فاٹا کے انضمام کے بعد اس میں اضافہ ہو سکتا ہے لیکن قرضوں کے بوجھ میں کمی کے لیے مرکز کا واجبات ادا کرنا بھی ضروری ہے۔

انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر قوم کا سب سے بڑا امتحان الیکشن ہوتے ہیں، 2018 کے عام انتخابات پاکستانی قوم کا امتحان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام تبدیلی چاہتے ہیں تو ایم ایم اے کو ووٹ دیں کیونکہ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کے گرد پرانے چہرے جمع ہو رہے ہیں اور ان کی موجودگی میں تبدیلی نہیں آسکتی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر شفاف الیکشن ہوئے تو تبدیلی ضرور آئے گی کیونکہ پھر نتائج عوام کا فیصلہ ہوں گے اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمےداری ہے۔


متعلقہ خبریں