تحریک انصاف اور ن لیگ حقیقت میں ایک ہی ہیں، مولا بخش چانڈیو


کراچی: سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹرمولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ جھوٹوں اور لوٹوں سے ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور ن لیگ دیکھنے میں دو لیکن حقیقت میں ایک ہی ہیں، ایک کی خواہش اپنی مرضی کا ایمپائر ہے جبکہ دوسرے کو فون پر فیصلے کرنے والی عدلیہ چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے عمران خان اور نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس خیبرپختونخوا میں بتانے کو ایک عوامی منصوبہ نہیں، عمران خان نے ایک یونیورسٹی اوراسپتال تک تو بنایا نہیں البتہ طالبان کے استاد کو 57 کروڑ روپے دے دیے جبکہ نواز شریف نے سارے وفاقی فنڈز اپنے گھر کے ارد گرد لگا دیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر دونوں جماعتیں جھوٹ، گالم گلوچ اور الزامات کےساتھ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے میدان میں اتری ہیں، ان کے پاس کوئی منشور نہیں تاہم پیپلز پارٹی کے پاس عوام کو دینے کے لیے بہت کچھ  ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی 50 سال سے جدوجہد اورعوامی خدمت میں مصروف ہے اور اب تو ہمارے پاس نوجوان بلاول بھٹو جیسا بہادر قائد ہے جبکہ ان کے مقابلے میں سٹھیائے ہوئے لیڈر ہیں جن کے پاس پرانی سوچ کے سوا کچھ  نہیں۔


متعلقہ خبریں