سپریم کورٹ نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا ریکارڈ طلب کرلیا

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج اہم مقدمات کی سماعت ہوگی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر پر آنے والی لاگت کا ریکارڈ 13 جون کو طلب کرلیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہوررجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر کا ٹھیکہ کیسے دیا گیا؟ اورتعمیر کا پہلا ٹینڈر کتنی رقم کا ہوا؟

چیف جسٹس ثاقب نثار نے یہ بھی استفسار کیا کہ کیا رن وے پر ایک وقت میں دو جہاز لینڈ کرسکتے ہیں؟

عدالت میں موجود سول ایوی ایشن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ  ایک وقت میں ایک ہی جہاز لینڈ کر سکتا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ پوری دنیا میں ائیر پورٹ پر بیک وقت دو جہاز لینڈ اورٹیک آف کر سکتے ہیں آپ نے اربوں روپے لگا دیئے، اس ایئر پورٹ پر جہاز ایک ہی لینڈ کر سکتا ہے؟

عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر پانی بھرنے والی سی سی ٹی فوٹیج بھی طلب کی جس پر سول ایوی ایشن کے نمائندے نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر جو ویڈیوز وائرل ہوئیں وہ ڈیڑھ  سال پرانی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ افسوس ہے بہت سارے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس سرحد پار سے چلائے جا رہے ہیں، ریاستی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں اورعوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن  نے استفسار کیا کہ پی آئی اے کو آج طلب کیا گیا تھا؟

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سول ایوی ایشن  کے نمائندے، ایم ڈی پی آئی اے اوراسٹیشن مینجراسلام آباد کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سول ایوی ایشن  کے نمائندے کو ہدایت کی کہ آئندہ  سماعت پر مکمل ریکارڈ لے کرآئیں۔


متعلقہ خبریں