پرامن انتخابی عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، حسن عسکری


لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی نے کہا ہے کہ پرامن انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ آفس میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ووٹر کے حق رائے دہی کے استعما ل کے لیے پرامن ماحول یقینی بنائیں گے اورشفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

حسن عسکری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے باعث پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے جو عید کے بعد مزید بڑھ جائیں گی کیونکہ سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں جبکہ چاند رات، عید اورعید کی تعطیلات کے دوران حفاظتی انتظامات اورامن و عامہ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں سیکیورٹی سمیت صوبے میں قیام امن کے لیے کئے گئے اقدامات پربریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چاند رات اورعید کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، نگراں وزیراعلیٰ کو صحافی اسد کھرل پر تشدد کے واقعہ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹرجنرل پولیس، سول وعسکری اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں