انتخابی نتائج تک مقامی حکومتوں کے ترقیاتی فنڈز منجمد


اسلام آباد: الیکشن کمیشن (ای سی) نے مقامی حکومتوں کے ترقیاتی فنڈز منجمد کر دیے ہیں جو آئندہ انتخابات کے نتائج تک  قابل استعمال نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسلام آباد، چاروں صوبوں اور کنٹونمنٹ بورڈز کے فنڈز منجمد کردیے گئے ہیں اور انتخابی نتائج تک تمام بلدیاتی اداروں کے فنڈز منجمد ہی رہیں گے۔

ای سی کے مطابق ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی چیز الیکشن کی راہ میں رکاوٹ بنے، اس فیصلے کا مقصد بھی اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مقامی حکومتیں انتخابات پر اثر انداز نہ ہوں کیونکہ آیئن پاکستان بھی شفاف انتخابات کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کودیتا ہے۔

جب سے انتخابات 2018 کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے نہ صرف تبادلوں اور تقرریوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی بلکہ نئی بھرتیاں بھی روک دی گئیں اور کہا گیا کہ یکم اپریل کے بعد کوئی بھرتی کی گئی تو تنخواہیں روک لی جائیں گی۔

گزشتہ دنوں بھی الیکشن کمیشن نے نئے چئیرمین پیمرا کی تقرری پر وزرات اطلاعات و نشرعات سے وضاحت طلب کرلی تھی، الیکشن کمیشن اس سے پہلے وفاق اور صوبوں کی نئی ترقیاتی اسکیموں پر بھی پابندی لگا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں