اسلام آباد پولیس کی جانب سے باجوڑ دھماکے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی چیکنگ سخت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد یہ احکامات جاری کیے گئے۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی چیکنگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں تمام معاملات معمول کے مطابق ہیں۔ ہائی سیکیورٹی زون کے علاوہ شہر بھر کے تمام راستے کھلے ہیں۔ ہائی سیکیورٹی زون میں سرینا اور ایکسپریس چوک سے گاڑیاں داخل ہو سکتی ہیں۔
سانحہ باجوڑ کے پیش نظر کراچی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا
ترجمان کی طرف سے شہریوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہری چییکنگ کے دوران شناختی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ باجوڑ دھاکے کے بعد کراچی پولیس کو بھی ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔ یہ احکامات ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے دیے گئے۔