چینی نائب وزیراعظم آج اسلام آباد پہنچیں گے


چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ اپنے پاکستان کے تین روزہ دورے پر آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چینی نائب وزیراعظم حکومتِ پاکستان کی دعوت پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس موقع پر وہ سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر تقریب میں شرکت اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کی صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر حکومتی شخصیات سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔

چینی نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد، اسلام آباد میں تعطیلات کا اعلان

اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیراعظم کا یہ دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کا حصہ ہے۔ چین کے نائب وزیراعظم کا دورہ دونوں ملکوں کی سدا بہار تذویراتی شراکت کو مزید گہرا کرنے کا عکاس ہے۔

خیال رہے کہ چینی نائب وزیراعظم کی آمد پر اسلام آباد میں 2 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 31 جولائی اور یکم اگست کو اسلام آباد کی حدود میں موجود تعلیمی ادارے، نجی دفاتر، بازار، دکانیں اور بینک بند رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ عدالتیں، قانون ساز ادارے، قومی اسمبلی، سینیٹ سیکرٹریٹ اور وزارتیں معمول کےمطابق کام کریں گی۔


متعلقہ خبریں