بلاول تو شہزادہ ہے، شیخ رشید احمد کی نیوز لائن میں گفتگو


اسلام آباد:  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ  رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا اتحاد ہو بھی جائے تو کوئی قیامت نہیں آ جائے گی، بلاول بھٹو تو شہزادہ ہے، اس سے میرے تعلقات کبھی خراب نہیں ہوئے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی لیگ کے چیف نے بتایا ہمیں جو لوگ طعنہ دیتے تھے کہ شیخ رشید، عوامی مسلم لیگ اور قلم دوات ایک سیٹ کی پارٹی ہے ان چوروں کو ہم نے پانامہ میں بھگایا اور ناموس رسالت کا جھنڈا لہرایا، سینیٹ انتخابات کے موقع پر جب نامزدگی فارم آیا توعوامی مسلم لیگ اس کے خلاف ہائیکورٹ میں گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنا کر سکتے ہیں، ہم نے کیا، باقی انہیں کرنا چاہیئے تھا جنہوں نے نہیں کیا، شیخ رشید کا  کہنا تھا کہ عوامی مسائل میں ہم قوم کے ساتھ کھڑے رہے، سیٹ ہماری ایک تھی لیکن سب پارٹیوں سے زیادہ کردار ہم  نے ادا کیا۔

چیئر مین پی ٹی آئی  کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو بچپن سے نہیں جانتا نہ ہی میں نے ان کے ساتھ  تعلیم حاصل کی لیکن آٹھ ، نو سال سے ان کے ساتھ  کھڑا ہوں اور میرے نزدیک  وہ ایک شریف آدمی ہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان سیا ست میں بہت مصروف ہیں اور میں نے اپنی زندگی میں کسی شخص کو اتنی محنت کرتے نہیں دیکھا۔

ن لیگ کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیشہ بیساکھیوں کے سہارے جیتے ہیں، میں نے اپنی زندگی میں کبھی اتنے بد دیانت سیاستدان نہیں دیکھے، نواز شریف کے آج کے بیان کے بعد میرے نزدیک وہ الیکشن ہار گئے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میں چیف الیکشن کمشنر کو خط  لکھوں گا کہ پولنگ کا وقت رات 12 بجے تک کیا جائے۔

شیخ رشید نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ بلاول بٹھو تو لال حویلی بھی آنا چاہتے تھے لیکن میں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے خفا ہو جائیں گے کیونکہ یہ دو دلوں کو ملتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔


متعلقہ خبریں