علاؤالدین مری بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر

علاؤالدین مری بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیےعلاؤالدین مری کا نام طے کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق علاؤالدین مری کا نام متفقہ طور پر طے کیا گیا ہے۔

جمعرات کو نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد نام کا اعلان کیا گیا۔

قبل ازیں صوبائی حکومت نے نگران وزیراعلی کے لیے میر علاؤالدین مری، پرنس احمد علی، کامران مرتضیٰ اور حسین بخش بنگلزئی کے نام تجویز کیے تھے جب کہ اپوزیشن نے اشرف جہانگیر قاضی، اسلم بھوتانی اور علی احمد کرد کے نام تجویز کیے تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور قائد حزب اختلاف عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان پانچ ملاقاتیں ہوئیں۔ میر علاء الدین مری کی تقرری کے ساتھ ہی ملک میں نگراں حکومتوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

نگراں وزیراعلی بلوچستان علاء الدین مری کون؟

علاؤالدین مری ایک کاروباری اور سماجی شخصیت ہیں وہ 28 فروری 1979 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم تعمیر نو پبلک سکول میں حاصل کی، ایف ایس سی بھی تعمیر نو کالج سے جب کہ گریجویشن بلوچستان یونیورسٹی سے کیا۔

میر علاؤالدین مری سابق بیوروکریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں۔ علاؤالدین مری بنیادی طور پر بزنس مین ہیں۔ کاروباری شعبہ میں وسیع تجربہ رکھنے کے باعث 2012 تا 2014 تک چیئرمین پاکستان یورپین بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی کے عہدے پر رہے۔

میر علاؤالدین مری کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔ بلوچستان میں حالیہ سینٹ انتخابات میں بھی آذاد حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے تاہم بعد ازاں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں