اسلام آباد: سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے اس کا عندیہ پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر یار محمد رند سے ٹیلی فونک بات چیت میں دیا جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین جلد ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔
گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا، وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے واحد سیاستدان ہیں جو وزارت عظمیٰ کے منصب پہ فائز ہوئے۔
2013 کے عام انتخابات میں جمالی آزاد حیثیت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور بعد میں ن لیگ کا حصہ بن گئے تھے۔
میرظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کو بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے گاؤں روجھان جمالی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم روجھان جمالی میں ہی حاصل کی، سینٹ لارنس کالج گھوڑا گلی مری، ایچیسن کالج لاہور اور 1965 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔