جہانگیر ترین وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے، علیم خان

بڑی کامیابی

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین ہماری پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ پوری قوم کے ساتھ دھوکا ہوا ہے تاہم اب تحریک انصاف کا دی اینڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ہم سب کے خلاف لڑیں گے اور جہانگیر ترین استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی بنانے کا فیصلہ سب دوستوں نے مل کر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اور سٹی میئر گرفتار

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل لوگ نیا پاکستان بنانے میں چیئرمین کا ساتھ دینا چاہتے تھے اور سب نے اپنے اپنے حصے کے تحت کوشش بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کے لیے سب کو دعوت دی ہے لیکن کسی سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ پرویز خٹک سے براہ راست رابطہ نہیں ہوا اور شاہ محمود سے بھی بات نہیں ہوئی تاہم اسد عمر سے ملاقات ہوئی اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی ہے۔ اسد عمر سیاست کرنا چاہیں گے تو ہماری پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ نئی سوچ اور خوبصورت پاکستان کی کوشش کرنے والا پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے اور ہر اس شخص کے لیے دروازے کھلے ہیں جو9 مئی میں ملوث نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد بہت سارے دوست استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوں گے جبکہ بہت سے لوگ حلقوں اور دوستوں میں مشاورت کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں 25 فیصد سے زائد لوگ ہمیں جوائن کر چکے ہیں اور جو لوگ علیحدہ ہوئے انہوں نے سیاست کرنی تھی اس لیے پلیٹ فارم چاہیے تھا۔


متعلقہ خبریں