اسلام آباد میں دو سفارتخانوں کے درمیان اراضی کا تنازعہ


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی سفارتخانہ بھی قبضہ مافیا بن گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دو سفارتخانوں کے درمیان اراضی کا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے، بنگلہ دیش کے سفارتخانے نے الزام عائد کیا ہے کہ تاجکستان کے سفارتخانے نے اُن کی زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔

بنگلہ دیشی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گیارہ ہزار 500 مربع فٹ رقبے پر تاجک سفارتخانے نے قبضہ کیا ہے جس کی باقاعدہ تحریری شکایت سی ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کو درج کرا رکھی ہے جبکہ سفارتی سطح  پر بھی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بنگلہ دیشی سفارتخانے کے مطابق برادر اسلامی ملک ہونے کی وجہ سے وہ تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

تاجک حکام  کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے سفارتخانے کی تعمیر میں تمام  قانونی تقاضے پورے کیے ہیں۔

اسلام آباد میں تاجک سفارتخانے کا سنگ بنیاد مارچ 2018 میں رکھا گیا تھا، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے تاجکستان کے سفارتخانے کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔


متعلقہ خبریں