فل کورٹ کے فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، مصدق ملک


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ فل کورٹ کے فیصلہ پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

وزیر مملکت مصدق ملک نے ہم نیوز کے پروگرام “پاور پالیٹکس ود عادل عباسی” میں کہا ہے کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام ہے اور موجودہ حالات میں پارلیمان جو فیصلہ کرے گا اُس پر عمل کیا جائے گا۔ الیکشن سے متعلق بننے والا بینچ 9 سے 3 ججز تک پہنچ گیا اور سپریم کورٹ کے جج ہی عدالت کے فیصلے سے متفق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نظام عدل کو سیاسی حکمت عملی کے مطابق نہیں چلنا چاہیے اور 4،3 کی بات صرف ہم نہیں کر رہے بلکہ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی اس حوالے سے لکھا۔ 4 ججز نے پہلے بھی کہا تھا کہ یہ کیس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کوئی کام پاکستان کیلئے نہیں کیا، شاہد خاقان عباسی

مصدق ملک نے کہا کہ ججز کے خلاف ریفرنس کے حوالے سے میں نے نہیں سنا۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا اور نواز شریف کے خلاف فیصلے پر اختلاف تھا مگر ہم نے مانا۔

انہوں نے کہا کہ آخر فل کورٹ کیوں نہیں بنا ؟ تمام آئینی مسائل پر فل کورٹ بننا چاہیے اور فل کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں