کراچی: وفاقی چیف شماریات نعیم ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ پوش طبقہ ہے جو خود کو شمار نہیں کرانا چاہتا۔
وفاقی چیف شماریات نعیم ظفر نے کہا کہ 60 فیصد پاکستان کی مردم شماری ہو چکی ہے اور 14 کروڑ افراد کو شمار کیا جاچکا ہے جبکہ اب تک تقریباً 4 کروڑ گھروں کو شمار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 97 لاکھ گھر جیو ٹیگ ہوچکے ہیں اور پہلی مرتبہ پاکستان میں ہر چیز کی شماری کی جا رہی ہے۔ معلومات کا خزانہ جمع ہو رہا ہے اور اس سے فائدہ اٹھانا حکومت کا کام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسی سے لڑائی نہیں سب ادارے ہمارے ہیں، شیخ رشید
نعیم ظفر نے کہا کہ ہوٹل، مسجد، مدرسہ، جیل، اسکول، کالج، دکانوں سمیت ہر جگہ کو گنا جائے گا۔ شہر قائد میں 85 لاکھ لوگوں کو گنا جاچکا ہے اور ضروری نہیں کہ کراچی کی آبادی ڈھائی یا 3 کروڑ ہو۔
انہوں نے کہا کہ خانہ و مردم شماری 4 اپریل تک جاری رہے گی اور کچھ پوش طبقہ ہے جو خود کو شمار ہی نہیں کرانا چاہتا۔