برازیلیا: جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں فائرنگ سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برازیل میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے مابین تصادم ہوا۔ اس دوران فائرنگ سے 13 افراد ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق ساحلی شہر ریو ڈی جنیرو میں جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تھے اس دوران گینگ کے کارندوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد جرائم پیشہ گروہ کے کارندے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی مہنگی ترین حویلی، قیمت 85 ارب روپے
مارے جانے والوں میں منشیات فروشوں کا سرغنہ بھی شامل ہے جو پولیس افسران کے قتل میں مطلوب تھا۔ پولیس کو مجرم کی اس علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن میں ہیلی کاپٹر اور بکتر بند گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران 3 شہری بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جن کا جرائم پیشہ عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔