کراچی: پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پرپاکستان تحریک انصاف کراچی کے کارکن ناراض ہوگئے اوراپنے غصے کا اظہار پہلے احتجاج اور پھر اپنی ہی جماعت کے دفترمیں توڑ پھوڑ کی صورت میں کیا۔
اطلاعات کے مطابق کارکنوں نے مبینہ طور پر من پسند افراد کو پارٹی ٹکٹ دینے کے معاملے پرشارع فیصل پرواقع انصاف ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی جس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری تھا کہ اچانک کچھ ڈنڈا بردارافراد دفترمیں گھس آئے اورہنگامہ آرائی شروع کردی۔
کارکنوں نے انصاف ہاؤس کے کمیٹی روم اور فائنانس روم میں توڑ پھوڑ کی اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے، انہوں نے تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کے خلاف نعرے بازی بھی کی اوردیواروں پر اسپرے سے نامنظورنامنظور کے نعرے تحریر کردیے۔
صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ تحریک انصاف کی قیادت ایک کمرے میں محصور ہوکر رہ گئی، ہنگامہ آرائی روکنے کے لیے کسی رہنما نے مداخلت نہیں کی۔
ذرائع نے بتایا کہ کہ توڑ پھوڑ میں تحریک انصاف کے وہ کارکن ملوث تھے جوعام انتخابات کے لیے من پسند افراد کو پارٹی ٹکٹ دینے کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔