نیب میں دیگر اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کر سکتا، آفتاب سلطان


 مستعفی چیئرمین  نیب آفتاب سلطان کا کہنا ہے کہ نیب میں دیگر اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کر سکتا۔

نیب ہیڈکوارٹرز میں مستعفی چیئرمین نیب آفتاب سلطان  نے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ نیب میں دیگر اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کر سکتا،  نیب افسران غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات نہ مانیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک ایک پلاٹ والے کو کہا جاتا ہے اندر کر دو اربوں والے باہر ہیں۔نیب افسران صرف قانون کی سنیں اور کسی کی مداخلت برداشت نہ کریں۔ نیب افسران ڈٹ کر آزادی سے کام کریں۔

مجھے کہا گیا کہ فلاں بھائی کوچھوڑ دو۔نیب کو ایمانداری سے چلایا ،کسی کی مداخلت قبول نہیں کی ۔میں نہ کچھ لے کر آیا تھا نہ ہی کچھ لے کر جا رہا ہوں۔نیب کے99فیصد لوگ اچھے ہیں ،ایک فیصد میں مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین نیب کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف بڑا قدم ہے، فواد چودھری

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے دو صوبوں میں آئین کے مطابق انتخابات کرائے جانے چاہیے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا، جس کے بعد ان کا استعفی وزیراعظم نے منظور کر لیا ہے۔

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ استعفیٰ کچھ روز قبل دیا تھا، مجھے کچھ چیزوں کا کہا گیا جس پر تحفظات تھے، اپنے کام میں مداخلت پر استعفیٰ دیا۔

انٹیلی جنس بیورو کے سابق ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان کو 21 جولائی 2022ء کو چیئرمین نیب لگایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں