سوزوکی نے تیسری بار قیمتوں میں اضافہ کردیا


اسلام آباد: پاکستانی کرنسی کی گرتی قیمت عوام کی جیب پر بھاری پڑنے لگی، چار پہیوں کی گاڑی کے شوقین افراد کو اب رقم بھی زیادہ  ادا کرنے پڑے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان میں مقامی سطح پر گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں کے اہم نام پاک سوزوکی نے سال میں تیسری بار گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

گاڑیاں بنانے والی کمپنی سوزوکی نے کاروں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 20 سے 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران گاڑیوں کی قیمتیں 50 ہزار سے 80 ہزار روپے تک بڑھائی جا چکی ہیں۔

رواں برس مارچ میں مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 20 سے 50 ہزار روپے تک کا اضافہ بھی کیا گیا تھا۔

سوزوکی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ویگن آر وی ایکس ایل اب گیارہ لاکھ 94 ہزار روپے میں ملے گی۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ صرف پاکس سوزوکی تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ مقامی کار ساز کمپنیوں نے گزشتہ چار ماہ میں قیمتوں میں تین لاکھ 60 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔

پاکستانی ساختہ گاڑیوں کے صارفین کو شکایات ہیں کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے لیکن معیارمیں بہتری پیدا نہیں کی جارہی۔

 


متعلقہ خبریں