سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گرفتار


راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے گرفتاری کے بعد کہا کہ حق کی فتح ہو گی ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 100، 200 لوگ میرے گھر میں داخل ہوئے اور میرے ملازمین کو مارا پیٹا۔ انہوں نے زبردستی گاڑی میں ڈالا اور ملازمین کو مارا ہے۔ پولیس نے میرے گھر کے دروازے توڑے۔

شیخ رشید نے الزام لگایا کہ مجھے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے کہنے پر گرفتار کیا گیا۔

گرفتاری کے بعد رات گئے شیخ رشید کو میڈیکل کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا اور بعد ازاں انہیں تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق شیخ رشید کو صبح علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سابق وزیر داخلہ کو گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج تھا۔

شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے نجی چینل پر آصف زرداری سے متعلق دہشتگردوں کی خدمات لینے کا بیان دیا اور شیخ رشید نے یہ تمام بیان تیار کردہ شازش کے تحت دیا ہے۔

متن کے مطابق شیخ رشید من گھڑت سازش کا ذکر کر کے پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں دشمنی چاہتے ہیں شیخ رشید آصف علی زرداری کے لیے مستقل خطرہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے راشد شفیق نے کہا ہے راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری شیخ رشید کی رہائش گاہ پہنچی جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

اس سے قبل سابق رکن قومی اسمبلی راشد شفیق نے شیخ رشید کو کنفرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ رشید کو اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو 12 بجکر 40 منٹ پر گرفتار کیا گیا اور پولیس یہ نہیں بتا رہی کہ شیخ رشید کو کس تھانے لے کر گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معلوم نہیں نگران حکومت کس ایجنڈے پر آئی ہے، پرویز الہٰی

واضح رہے کہ دو روز قبل شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ان کے خلاف ایک درخواست دی گئی تھی جہاں شیخ رشید کو طلب کیا گیا تھا تاہم شیخ رشید تھانے میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

شیخ رشید نے تھانہ آبپارہ طلبی کے نوٹس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور درخواست میں تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں