پروگرام “ہم ساتھ” میں پی ٹی آئی اور پی ایم ایل ن کے رہنماؤں کا ٹاکرا


اسلام آباد: نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق الفاروق اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے ہم نیوز کے پروگرام ” ہم ساتھ” میں خصوصی گفتگو کی۔

صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ ناصر کھوسہ کا نام پی ٹی آئی نے تجویز کیا، ہماری پارٹی اور شہبازشریف کو اس بارے میں معلوم نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ناصر کھوسہ کوئی غیرمعروف آدمی نہیں ہیں، انہیں دنیا جانتی ہے، وہ ضابطے اور قانون کے آدمی ہیں اور ان پر اعتماد کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا نام تجویز کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے ایک پوری کمیٹی بنائی تو کیا کسی کو نہیں پتا چلا کہ وہ کس شخص کا نام تجویز کر رہے ہیں؟

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ صورتحال سے دو باتیں واضح ہوتی ہیں، یا تو یہ لوگ سیاسی طور پر نابالغ ہیں یا پھر انہیں کسی نے بتایا کہ یہ ہمارے کام کا آدمی نہیں ہے اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دو صوبوں میں یو ٹرن لیا ہے جبکہ میں ان کے 15 سے 20 یو ٹرن گنوا سکتا ہوں، یو ٹرن لینے کا مطلب یہ ہے کہ ان میں سمجھ بوجھ کی کمی ہے، پی ٹی آئی نے جس طرح صوبہ چلایا ہے، ملک بھی ویسے ہی چلائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں صدیق الفاروق نے کہا کہ جو لوگ انتخابات انجینیئر کر رہے ہیں نتائج ان کی مرضی کے نہیں آئیں گے،  یہ انجینیئرنگ جنوں، بھوتوں اور خلائی مخلوق نے کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے اور بعد کے حالات مختلف ہوتے ہیں، سیاسی حریف تو تنقید کرتے اور انگلیاں اٹھاتے رہتے ہیں، آج ان کو موقع ملا ہے تو وہ سوال اٹھا رہے ہیں لیکن مثبت تنقید پر پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

میزبان ماریہ ذوالفقار نے سوال کیا کہ جب کسی کو وزیراعلیٰ بنانا ہوتا ہے تو کیا اس سے مشاورت کی جاتی ہے یا نہیں؟ اس پر پی ٹی آئی کی رہنما نے جواب دیا کہ مشاورت بالکل ہوتی ہے،  سیاسی جماعتوں میں ایک شخص کی ذاتی رائے کوئی اہمیت نہیں رکھتی، مشاورت ہوتی ہے، بحث ہوتی ہے اور اس کے بعد اتفاق رائے ہو جاتا ہے، جماعتیں اسی طرح آگے بڑھتی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا یہ کہنا تھا کہ ہماری جماعت ایک جمہوری وژن رکھتی ہے اور ہمارا مقصد ملک کے اندر شفاف الیکشن کرانا ہے۔


متعلقہ خبریں