لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے استعفے قبول کرنے کا شکریہ، 70 استعفے قبول ہونے تک اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی پارٹی کےعہدے ہمارے پاس ہی آنے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی تحریک انصاف کا حق ہے، امید ہے چیف جسٹس اس ضمن میں ہمارے زیر التوا کیس میں فیصلہ دیں گے۔
قبل ازیں زمان پارک میں منعقدہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی نئی مثالیں قائم کی گئیں جن کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہریوں کو خود کہا کہ صورتحال بہتر نہیں، جب حکومت لوگوں کو ڈرانے پر اتر آئے تو ووٹنگ کی شرح کم ہی ہو گی، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو ایک مذاق بنا کر رکھ دیا گیا، 3 دن تک کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نہیں آسکے۔
فواد چودھری نے کہا کہ آج واضح ہو گیا کہ کیوں پی ڈی ایم ای وی ایم کی مخالفت کر رہی تھی؟ ای وی ایم مشینوں کا استعمال کیا جاتا تو ووٹنگ نتائج تاخیر کا شکار نہ ہوتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب سے کچھ دیر بعد خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھجوا دی جائے گی، ہم امید کرتے ہیں کہ گورنر اسمبلی تحلیل کے عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
بڑکیں مارنے والوں کے استعفے منظور کیے ہیں، رانا ثنا اللہ
ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں پارلیمانی پارٹی کی سربراہی میاں اسلم کریں گے، ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے جو نام سامنے آ رہے ہیں وہ مذاق سے کم نہیں ہیں، ن لیگ کی جانب سے سنجیدہ نام نہیں بھجوائے گئے، احد چیمہ نیب کے ملزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احمد نواز سکھیرا اور ناصر کھوسہ اچھی شہریت کے حامل ہیں، ناصر کھوسہ سے اپیل کروں گا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، ہم نے جو نام بھجوائے ہیں وہ سنجیدہ نام ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وفاقی حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور الیکشن کا فریم ورک تیار کرے، پاکستان میں سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام آئے گا، ایوان میں واپسی کا فیصلہ تا حال نہیں ہوا۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان حملہ کیس میں جے آئی ٹی کو جس طرح ہینڈل کیا گیا وہ افسوسناک ہے، لوگ جے آئی ٹی کا ممبر بننے کو تیار نہیں ہیں، ارشد شریف کے معاملے میں بھی یہی کچھ ہو رہا ہے، عمران خان پر حملہ کوئی عام بات نہیں، ہم تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں، چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں۔
مسلم لیگ ن نے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے نام گورنر پنجاب کو بھجوا دیئے
پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب ہمارا فوکس قومی اسمبلی پر ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں رمضان سے قبل الیکشن کروائے جائیں، ن لیگ کے کچھ لوگ غیر حاضر رہ سکتے ہیں، نگراں وزیراعلی ٰکے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ حتمی ہوگا۔