نجم سیٹھی کا اے سی سی پر اعتراض، ایشین کرکٹ کونسل کا رد عمل سامنے آ گیا


ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے نجم سیٹھی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے جمعرات کو کیلنڈر اور پاتھ وے اسٹرکچر کا اعلان کیا تھا، جبکہ کیلنڈر کی منظوری ڈویلپمنٹ کمیٹی فنانس اینڈ مارکیٹنگ نے دی، کیلنڈر کی منظوری 13دسمبر 2022 کو ہونے والے اجلاس میں دی گئی تھی، اور کیلنڈر کے حوالے انفرادی طور پر تمام شرکاء کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

اے سی سی کے مطابق کیلنڈر کی ای میل 22 دسمبر کو کر دی گئی تھی، ممبر بورڈز کی جانب سے رسپانس موصو ل ہوئے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے تبصرہ تجاویز اور ترامیم موصول نہیں ہوئیں۔

واضح رہے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ہم سے رابطہ نہیں کیا اور خود ہی فیصلہ کر لیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ایشیا کپ ہونے جا رہا ہے اور ہم سے پوچھا بھی نہیں جا رہا ہے۔

بھارتی کرکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان آتی نہیں اور ہمیں بھارت میں کھیلنے کا کہنا عجیب بات ہے، بی سی سی آئی اگر خودمختار ادارہ ہے تو انہیں سیاست سے دور رہنا چاہیے، نیوٹرل مقام پر کھیلنے کے حوالے سے حکومت سے بات کروں گا، اگر حکومت کی جانب سے اجازت ملی تو  ہی کھیلیں گے۔


متعلقہ خبریں