بھارت دہشتگردی کے منصوبوں پر عمل کرنے سے گریز کرے، وزیر مملکت خارجہ


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کے منصوبوں پر عمل کرنے سے گریز کرے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔

وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں اور پاکستان آج بھی دہشت گردی سے نمٹ رہا ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں اور لاہورمیں دہشت گردی کا جو واقعہ ہوا اس میں بھی بھارت ملوث تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے جس کا سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ بڑا ثبوت ہے۔ کلبھوشن یادیو کیس میں بھی پاکستان نے ثبوت پیش کیے تاہم بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا اور بھارت کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ صرف بھارت کو اگر ذمہ دار نہ بھی سمجھیں تو ماضی اور حالیہ واقعات وہاں سے دہشت گردی ثابت کرتی ہے۔ بھارت کی جانب سے جو کارروائیاں ہو رہی ہیں اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے اور بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں اور ہم دہشت گردی کے معاملے کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ پاکستان نے بارہا بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت دنیا کو پیش کیے کہ بھارت دہشت گردی کی کارروائیاں کر کے دوسرے ممالک پر الزام لگاتا ہے اور اس بات سے بھی انکار نہیں کہ سی پیک کو متاثر کرنے میں بھی بھارت ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کوڈالرکے ایکس چینج ریٹ کی پالیسی پر نظرثانی کرنا ہوگی،آئی ایم ایف

وزیر مملکت نے کہا کہ بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے جبکہ کراچی میں چینی قونصل خانے، بلوچستان اور لاہور میں حالیہ واقعات میں بھی بھارت ملوث ہے۔ ہمارے پاس بھارت کی جانب سے تخریبی کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔ بھارت دہشت گردی کی منصوبہ سازی کر کے اس میں عام لوگوں کو استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف جو شواہد تھے ان میں سے کچھ ہم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی پیش کیے اور دہشت گردوں کے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے۔ بھارت کو انتہا پسند سوچ میں تبدیلی لانا ہو گی اور بھارت مثبت ڈپلومیسی کے ایجنڈے پر کام کرے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت جو کارروائیاں کرتا ہے اس سے صرف پاکستان نہیں بلکہ پورا خطہ متاثر ہوتا ہے۔ میں بھارت کو خبردار کرتی ہوں کہ دہشتگردی کے منصوبے اور انتہا پسند سوچ پر عمل کرنے سے گریز کرے اور ہمیں امید ہے بین الاقوامی برادری بھارت کے منفی عزائم پر اس کا احتساب کرے گی۔ پاکستان امن کو نقصان پہنچانے والی بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے را مختلف تنظیموں کی مالی معاونت کرتا ہے جبکہ گویندا اپٹنائک، دنگارا، پارتھیا سارتھی بھارتی دہشت گرد ہیں۔ پاکستان کو بھارت کے لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت مل گئے اور پاکستان نے ڈوزیئر تیار کر لیا ہے جو اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل کے اراکین ممالک کو بھجوایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں