امید ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رات تک ہائیکورٹ سے مسترد ہو جائے گا، اسد عمر

پولیس موبائل میرے گھر پر آئی، دیکھتے ہیں کیا ارادہ ہے ان کا؟ اسد عمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری اسد عمر نے امید ظاہر کی ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائی کورٹ سے آج رات تک مسترد ہو جائے گا، فیصلہ غیر متوقع نہیں، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔

عمران خان نااہل، ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج، شیلنگ

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج سے چھ ماہ پہلے سازش کے ذریعے منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، عمران خان کی حکومت کو ہٹانے پر ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو اکثریت سے عوام نے کامیاب کرایا جس سے واضح ہو گیا کہ گیارہ دھڑے عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس آصف زرداری اور نواز شریف کے خلاف بھی جمع ہے لیکن کیا وجہ ہے کہ ان کے ریفرنسز پر فیصلہ نہیں سنایا جاتا؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ  الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، امید ہے کہ آج رات تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائی کورٹ سے مسترد ہو جائے گا۔

اسد عمر نے واضح طور پر کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان ہے اور رہے گا، قوم کا واضح پیغام ہے کہ غلامی نا منظور۔ قبل ازیں انہوں ںے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ جانبدارانہ ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہماری توقع کے مطابق آیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان کے خلاف نہیں یہ پاکستان پر حملہ ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان میں انقلاب کا آغاز ہے۔

مائنس ون ایک خواب، عمران خان 30 اکتوبر سے پہلےکال دیں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم اہل نہیں ہے، عوام اپنے حق کے لیے باہر نکلیں، آج انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ عوام کے منہ پرطمانچہ ہے، پاکستان کے آئین کے تحفظ کے لیے لوگ باہر نکلیں۔

رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف تمام فیصل آباد ضلع کونسل چوک پہنچیں، بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا، الیکشن کمیشن امپورٹڈ حکومت کا دست راست بن چکا ہے، عوامی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ان کانپیں ٹانگ رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، تاریخ الیکشن کمیشن کو عوام دشمن کے طور پر یاد رکھے گی، پاکستان کے لیے آج یوم سیاہ ہے۔

رہنما پی ٹی آئی قاسم خان سوری نے کہا تھا کہ عمران خان کو نا اہل قرار دینے کا حق پاکستان کی عوام کے پاس ہے، لندن بھاگے ہوئے بھگوڑوں اور ان کے خاندانی نوکروں کے پاس نہیں ہے،  پاکستانی عوام اپنا فیصلہ پہلے ہی کپتان کے حق میں دے چکی ہے اور آئندہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے۔

پنکی پیرنی، فرح گوگی اور القادر ٹرسٹ کا حساب باقی ہے، رانا ثنااللہ

سابق وفاقی وزیر اور ق لیگ کے رہنما رہنما مونس الہٰی نے کہا تھا کہ قوم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی ، انصاف کا قتل عام ہوا، کپتان سرخروہوں گے، کپتان کل بھی صادق و امین تھے،  آج بھی ہیں، فیصلہ آئین و قانون سے مذاق کے مترادف ہے۔


متعلقہ خبریں