عمران خان مخالف ریمارکس، شہباز شریف کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

Shahbaz Sharif

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مخالف ریمارکس پر وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں قرارداد وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں وزارت عظمیٰ کے وقار کی دھجیاں اڑائیں،سابق وزیراعظم عمران خان کو فراڈ قرار دینے والا خود سب سے بڑا فراڈ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا نام نہاد سربراہ زرداری کا پیٹ پھاڑنے کی بات کرتا رہا،اب شہباز شریف پوری ڈھٹائی کے ساتھ زرداری کی گود میں بیٹھا ہے، جس کا بیٹا اشتہاری، بھائی سزا یافتہ اور مفرور ہے۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم خود بھی پیشیاں بھگت رہا ہے، جس کا پورا ٹبر ہی جھوٹا ہے،یہ لوگ آج تک لندن فلیٹس کے متعلق اپنا موقف ایک نہ کرسکے،یہ ایوان وزیراعظم کے ریمارکس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ شہباز شریف سوچ سمجھ کر بولنا سیکھ لیں، ملکی اور بین الاقوامی فورمز پر وزیراعظم کے منصب کو رسوا کرنا چھوڑ دیں۔


متعلقہ خبریں