اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف ملک میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر لندن کا دورہ منسوخ کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس طلب کر لیا اور وطن پہنچتے ہی اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کر دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سمیت دیگر حکام وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کے ملازمین کا 2روز کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف قطر کا 2 روزہ دورہ مکمل کر کے دوحہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے اور قطر کے وزیر ٹرانسپورٹ جاسم سیف السلیطیی نے وزیر اعظم کو رخصت کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حمزہ شہباز کی بیٹی اور اپنی پوتی کی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے قطر سے لندن جانا تھا لیکن سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے وزیر اعظم نے فوری وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔