پارلیمانی کمیٹی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا نمائندہ شامل ہوگا، خورشید شاہ

خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

ہفتہ کے روز سامنے آنے والے بیان میں قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کے چار نام بھجوانے کا اختیار میرے پاس ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے پاس اختیار ہے کہ صرف اپنی پارٹی کے نام بھیجے یا دوسروں کو بھی شامل کرے۔

انہوں نے کہا کہ بطور سیاستدان ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلا اور اب بھی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

خورشید شاہ نے بتایا کہ پیر کو اسلام آباد آ کر پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام بھجواؤں گا جن میں پیپلز پارٹی سے نوید قمر اور شیری رحمن کے نام بھجوائے جائیں گے۔

’ہم نیوز‘ کے ذرائع نے تحریک انصاف سے شاہ محمود قریشی اور ایم کیو ایم سے فاروق ستار کا نام بھجوائے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

آئین کے مطابق اگر وزیراعظم  اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعظم کے نام پر متفق نہ ہو سکے تو معاملہ آٹھ  رکنی کمیٹی میں جائے گا جہاں تین دن میں اتفاق رائے کرنا ضروری ہے۔ اگر کمیٹی میں بھی فیصلہ نہ ہو سکا تو آخری مرحلے میں فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں