وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی قیمت میں تیس روپے اضافہ کیا جا رہا ہے جس کا نفاذ آج رات سے ہو گا۔ پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 179 اعشاریہ 86 روپے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ہمیں مزید قرضہ نہیں دے گا ، جب تک ہم پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنےسےصرف تھوڑی سےمہنگائی بڑھتی ہے۔ شہباز شریف نے بہت بڑا فیصلہ لیا ہے، جیسے ہی ڈالر سستا ہوا ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دیں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عوام پر کچھ نا کچھ بوجھ ڈالنا نا گزیر تھا، کیونکہ جس قسم کا نقصان حکومت کو ہو رہا ہے وہ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پوری سولین حکومت کو چلانے کا خرچ 42 ارب روپے ماہانہ جب کہ پیٹرول کی مد میں سبسڈی 120 ارب روپے ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مشکلات کا سامنا ہے،جنہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے روپے کو استحکام ملے گا، ہم سمجھتے ہیں فیصلے سے ہماری سیاست کو نقصان پہنچے گا، اس وقت قومی مفاد ہمارے لیے اہم ہے۔