سعودی عرب سے بھائی چارے، دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے 3 روزہ دورے کے لیے روانہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب سے بھائی چارے اور دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت 13 رکنی وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔

روانگی سے قبل انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں آج سعودی عرب کے دورے پر جا رہا ہوں۔ دورہ سعودی عرب سے بھائی چارے اور دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت سے وسیع پیمانے پر بات چیت کروں گا کیونکہ سعودی عرب ہمارے بڑے دوستوں میں سے ایک ہے۔ سعودی عرب 2 مقدس مقامات کے محافظ کے طور پر خاص مقام رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے، وزیر داخلہ

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج 3 روز ہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے اور وزیر اعظم سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف بطور وزیر اعظم پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جا رہی ہے۔ استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔ عمرہ اور روضہ رسول اللہﷺ پر حاضری کی برکتیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔


متعلقہ خبریں