بھارتی میزائل گرنے کے واقعے سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی، کور کمانڈرز


کور کمانڈرز نے کہا ہے کہ بھارتی میزائل گرنے کے واقعے سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں شرکا نے بھارتی میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعہ کا تشویش کے ساتھ جائزہ لیا۔

کور کمانڈرز نے مطالبہ کیا کہ بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود، عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ، حفاظتی پروٹوکول کی جانچ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک بننے کے ساتھ علاقائی امن اور تذویراتی استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال اور مغربی بارڈر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے، آرمی چیف

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ 23 مارچ کی پریڈ اوراو آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔

کانفرنس میں شرکا نے عزم کیا کہ ملک کی سیکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کی بھی تعریف کی۔

 

 


متعلقہ خبریں