لندن: اومی کرون کا پھیلاو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے بعد خصوصی بل منظور کر لیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ میں ماسک لازمی پہننے کے اقدامات کے حق میں 441جبکہ مخالفت میں 41 ووٹ پڑے۔ بل کے تحت سینما، تھیٹرز اور میوزیم میں بھی ماسک پہننا لازمی قراردیا گیا ہے۔
بل کے مطابق نائٹ کلب اور بعض دیگر مقامات پر داخلے کیلئے ویکسینشن کا ثبوت یا کورونا کا منفی نتیجہ دکھانا بھی لازمی ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق کوویڈ پاسپورٹ کا منصوبہ بھی پارلیمنٹ سے منظور کر لیا گیا، جس میں کوویڈ پاسپورٹ کے حق میں 369 اور مخالفت میں 126 ووٹ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: اومیکرون سے برطانیہ میں پہلی موت
2019 کے الیکشن کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو پارٹی ارکان کی طرف سے بڑی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کچھ ارکان نے بل میں موجود اقدامات کی مخالفت کی تو کچھ نے بوروس جانسن کے لیے مشکل حالات پیدا کرنے کے لیے غصہ نکالا۔
برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم اومی کورون بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک برطانیہ میں اومی کرون کی 4500 افراد میں تشخیص ہو چکی ہے، جس میں سے 10 متاثرین اسپتال منتقل کر دئیے گئے ہیں جبکہ ایک جان کی بازی ہار چکا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی خطرناک قسم اومیکرون کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد کورونا الرٹ لیول تین سے بڑھا کرچار کردیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی تصدیق کی ہے کہ دنیا کے 70 ممالک میں اومیکرون تیزی سے پھیل چکا ہے۔